گوجرانوالہ: محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ میں علامہ عبدالشکور رضوی کا ایمان افروز خطاب، خصوصی دعا

گوجرانوالہ ( کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقے راہوالی، محلہ سلیم پورہ (بلمقابل ریلوے اسٹیشن) میں واقع جامع مسجد انوارِ مدینہ میں سالانہ محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفلِ پاک کا انعقاد بعد از نمازِ عشاء کیا گیا، جس کی نگرانی جامع مسجد انوارِ مدینہ کے امام و خطیب حافظ محمد بلال حسن قادری مصطفائی نے کی۔

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد افضال چشتی نے حاصل کی، جبکہ معروف نعت خواں حافظ محمد اعجاز چشتی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کر کے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔ اس روح پرور محفل میں صاحبزادہ محمد فیض رسول نوشاہی اور سید احمد شاہ سمیت اہلِ علاقہ اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محفلِ پاک سے سیالکوٹ سے تشریف لائے ہوئے خصوصی مقرر علامہ محمد عبدالشکور رضوی نے اصلاحی، مدلل اور ایمان افروز خطاب فرمایا۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ اور عشقِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی جس سے حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔

جامع مسجد انوارِ مدینہ کی انتظامیہ اور منتظمین نے محفل کے شاندار انتظامات کی ذمہ داری نبھائی۔ تقریب کے اختتام پر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے