آفریدی دھرنے کے منتظمین اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نمائندہ جرگہ میں اتفاق، بقایا جات کی ادائیگی کی یقین دہانی

خیبر ( کیو این این ورلڈ/نورحلیم آفریدی) تحریک متاثرین تیراہ، 36 رکنی مشران اور باڑہ سیاسی اتحاد کے مشترکہ گرینڈ آفریدی دھرنے کے منتظمین اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نمائندہ جرگے کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے مالک اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ماموں حاجی ادریس خان کی سربراہی میں قوم شلوبر اور قوم برقمبرخیل کے مشران پر مشتمل نمائندہ جرگے نے دھرنے کے منتظمین سے تفصیلی گفتگو کی۔

تحریک متاثرین تیراہ کے چیئرمین رحمت شاہ آفریدی کے مطابق مذاکرات میں متاثرین کے اہم مطالبات پیش کیے گئے، جن میں بند سیموں کی رقم کا اجراء، قومی مشران کی حلف شدہ GRC لسٹوں کے مطابق سم اور مالی امداد کی فراہمی، لسٹوں سے رہ جانے والے متاثرین کی شمولیت، تمام متاثرین کو 8 ماہ کے بقایا جات (50 ہزار روپے ماہانہ)، کرائے کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی اور تیراہ میں مختلف واقعات کے شہداء و زخمیوں کے لیے فوری مالی پیکیج شامل ہیں۔ مذاکرات میں طے پایا کہ باقی ماندہ مطالبات پر 25 رکنی وفد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے تفصیلی ملاقات کرے گا تاکہ مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے جا سکیں۔

باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان کا کہنا تھا کہ اگر طے شدہ نکات پر فوری عملدرآمد میں تاخیر کی گئی تو 7 ستمبر کو دوبارہ گرینڈ آفریدی دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 9 ستمبر کو تیراہ متاثرین، 36 رکنی مشران اور باڑہ سیاسی اتحاد کا مشترکہ وفد تیراہ میدان باغ کا دورہ کرے گا تاکہ آبائی علاقوں میں ہونے والے نقصانات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

مذاکراتی عمل میں حاجی ادریس خان نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ عوامی نمائندگان کا علاقائی سیکرٹریٹ ہے اور تیراہ متاثرین کے لیے وزیراعلیٰ کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ انہوں نے قبائلی و آفریدی روایات کے مطابق بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیتے ہوئے متاثرین کی مشکلات کے جلد از جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی۔

اس دھرنے اور مذاکراتی نشست میں تحریک متاثرین تیراہ کے ترجمان صحبت آفریدی، ڈاکٹر نظیر، منہاج لالا، سعید خان، خیبر یونین کے مراد ساقی، خلیل خان، عوامی نیشنل پارٹی کے شیرین خان، امیر شاہ، جماعت اسلامی کے محمد خان، عوامی انقلابی ملک عطاءاللہ، مسلم لیگ کے ظاہر شاہ، اصغر خان، پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر شیر شاہ، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا اسد خان اور شلوبر قومی کونسل کے چیئرمین لعل نبی آفریدی سمیت دیگر سیاسی و قومی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے