سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف مدثر رتو )ریسکیو وارڈن سروس سیالکوٹ کے بانی اور ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن محمد جمیل جنجوعہ حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ مقامی قبرستان میں ادا کی گئی، جس میں پنجاب ایمرجنسی سروسز کے ایڈمنسٹریٹر سید کمال عابد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سیالکوٹ انجینئر نوید اقبال، ریسکیو افسران و اہلکاروں، ریسکیو سکاوٹس، کمیونٹی ممبران، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے موقع پر مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی گئی۔ سید کمال عابد نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی جانب سے مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔

اس موقع پر سید کمال عابد نے کہا کہ محمد جمیل جنجوعہ کی کمیونٹی کے لیے خدمات اور تعاون کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ملک و قوم کی خدمت میں گزاری۔ ان کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری ریسکیو کمیونٹی مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔


