قوم سپاہ میں امن و ترقی کا نیا قدم، UNDP کا کمیونٹی سیشنز کا آغاز

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نور حلیم آفریدی): قوم سپاہ میں سپاہ ملک دین خیل فلاحی RSG کے صدر جاوید خان آفریدی کی زیر نگرانی اور UNDP کی جانب سے سوشل ویلفیئر کے تعاون سے آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جن میں امن و امان، کمیونٹی کی مضبوطی، نوجوانوں کے لیے روزگار و سکل ٹریننگ اور مقامی تنازعات کے پرامن حل کے حوالے سے شرکاء کو آگاہی فراہم کی گئی۔

آگاہی سیشنز کے تحت سید حلیم خان اور حاجی غلاف خان کے حجروں میں مردوں کے لیے جبکہ حاجی ولی خان اور حاجی غلاف خان کے گھروں میں خواتین کے لیے خصوصی سیشنز منعقد ہوئے۔ سیشنز میں سابق تحصیل چیئرمین لنڈی کوتل اور پراجیکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے وائس چیئرمین شاہ خالد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے فرید خان آفریدی، صدیر خان آفریدی، علاقائی مشران اور کمیونٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

سید حلیم خان اور حاجی غلاف خان نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے قوم سپاہ اور ملک دین خیل میں UNDP پراجیکٹ شروع کرنے پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ کمیونٹی منصوبے کی کامیابی اور اسے مزید آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اس موقع پر RSG کے صدر جاوید خان آفریدی نے مختصر نوٹس پر بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ RSG کا مقصد کمیونٹی کو مضبوط بنانا، علاقے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا، نوجوانوں کے لیے روزگار اور سکل ٹریننگ کے مواقع پیدا کرنا اور مقامی تنازعات کے حل میں جرگہ و ثالثی کے نظام کے ذریعے کمیونٹی کے کردار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

پراجیکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے وائس چیئرمین شاہ خالد خان نے قوم سپاہ میں خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے فلاحی اور سماجی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی نمائندگان تحصیل کونسل باڑہ میں بھی عوامی مسائل کے حل اور مثبت سرگرمیوں کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تنازع کی صورت میں آفریدی روایات کے مطابق فوری طور پر تیگہ کے ذریعے کشیدگی کو روکنا چاہیے تاکہ فریقین کا غصہ کم ہو اور بعد ازاں مشران و کمیونٹی ثالثی کے ذریعے مسئلے کا پرامن حل تلاش کریں۔

شاہ خالد خان نے کہا کہ جرگہ اور مصالحت آج بھی معاشرے میں تنازعات کے حل کا مؤثر ذریعہ ہیں اور انہوں نے بطور تحصیل چیئرمین متعدد جرگوں میں امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔

فرید خان آفریدی اور صدیر خان آفریدی نے UNDP پراجیکٹ کے مقاصد اور فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منصوبے کا مقصد کمیونٹی کو مستحکم کرنا، امن و باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا، نوجوانوں کو سکل ٹریننگ کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور مقامی سطح پر مسائل و تنازعات کے حل میں عوامی کردار کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں ایسے آگاہی سیشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

سیشن کے دوران کمیونٹی ارکان نے مختلف سرکاری محکموں اور علاقائی مسائل سے متعلق سوالات بھی اٹھائے، جن پر سوشل ویلفیئر ٹیم نے رہنمائی فراہم کرتے ہوئے مسائل متعلقہ فورمز تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ حاجی غلاف خان کے حجرے میں دو فریقین کے درمیان جاری جرگے کو بھی UNDP ٹیم نے سراہا اور مقامی مشران کی جانب سے تنازع کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو پراجیکٹ کے بنیادی مقاصد سے ہم آہنگ قرار دیا۔

خواتین کے لیے منعقدہ فیمل سیشنز میں جینڈر ڈیسک کی نمائندگان سائرہ اور مریم نے شرکت کی، جہاں خواتین کو دستیاب سہولیات، رہنمائی اور مسائل کے حل کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا اور ان کے مسائل بھی سنے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے