پشاور(کیو این این ورلڈ۔بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا فل کانٹیکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے انتخابات پشاور میں منعقد ہوئے، جس میں حیات نذیر شینواری، برانچ چیف کیوکشن کان، کو خیبر پختونخوا کے لیے ایسوسی ایشن کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔ انتخابات کے عمل کی نگرانی خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ کے نمائندہ وفد نے کی۔
اس موقع پر خیبر پختونخوا فل کانٹیکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر شِہان صاحبزادہ الہادی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی باڈی صوبے میں فل کانٹیکٹ کراٹے کے فروغ، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے پشاور میں آئندہ منعقد ہونے والے فل کانٹیکٹ کراٹے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب نائب صدر حیات نذیر شینواری نے کہا کہ شِہان صاحبزادہ الہادی کی جانب سے فل کانٹیکٹ کراٹے کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات انتہائی مثبت اور قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس کھیل کے فروغ سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔