اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان): حلقہ ہتھیجی کے پٹواری عامر حسین کے مبینہ ذاتی پٹوار خانے کی اطلاع کی تصدیق اور ایک مقدمے میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے جانے والی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بہاولپور کی ٹیم کو مبینہ طور پر راستے میں روکنے، ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر نمبر 288/26 کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم اے ایس آئی محمد اسماعیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈرائیور جمشید کے ہمراہ سرکاری گاڑی پر مقدمہ نمبر 18/26 میں کارروائی اور مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے روانہ ہوئی۔ ٹیم سوئی گیس چوک خیرپور ڈاہا پہنچی تو مبینہ طور پر زاہد اور ابراہیم نامی افراد نے سرکاری گاڑی روک لی۔
ایف آئی آر کے مطابق اہلکاروں کی جانب سے سرکاری ڈیوٹی پر موجود ہونے کا تعارف کرانے کے باوجود مبینہ طور پر بدتمیزی کی گئی اور مزید افراد کو موقع پر بلا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق اشرف، تنور، سانول، بشیر احمد اور مجاہد سمیت 10 سے 15 نامعلوم افراد بھی موقع پر جمع ہوگئے، جن پر ٹیم کی ویڈیوز بنانے، راستہ روکنے، اہلکاروں کو ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
واقعے کے بعد تھانہ دھوڑکوٹ پولیس نے اے ایس آئی محمد اسماعیل کی مدعیت میں زاہد، ابراہیم، اشرف، تنور، سانول، بشیر احمد، مجاہد اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف دفعات 341، 506، 292، 186، 148 اور 149 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ پٹوار خانے کے مبینہ قیام سے متعلق الزام اور دیگر الزامات ایف آئی آر میں درج مؤقف پر مبنی ہیں، جن کی حتمی تصدیق تحقیقات کے بعد ہوگی۔