سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 نے ضلع سیالکوٹ کے سرکاری ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے سیفٹی آڈٹ، تربیتی سیشنز اور فرضی مشقوں کا انعقاد کیا۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کی زیرنگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا۔ بعدازاں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ، سمبڑیال، پسرور، کوٹلی لوہاراں اور دیگر سرکاری مراکز صحت میں انتظامیہ کے تعاون سے فرضی مشقیں کی گئیں۔
مشقوں کے دوران آگ لگنے اور زلزلے سمیت مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے، عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور ضرورت پڑنے پر انہیں بروقت ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے بھی مشقوں میں حصہ لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مشقوں کا مقصد ڈاکٹرز، ہسپتال عملے، مریضوں اور لواحقین کو ہنگامی صورتحال میں حفاظتی اقدامات اور فوری ردعمل کی تربیت دینا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں ابتدائی مددگار کا کردار انتہائی اہم ہے، بروقت کارروائی سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ہسپتالوں میں سیفٹی ٹیمیں موجود ہونی چاہئیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری اطلاع دے کر متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔
