بہاولپور: حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ نوجوان اور بےباک امیدوار نواب محمد اویس خان خاکوانی بھی انتخابی میدان میں اتر گئے ہیں۔
خاکوانی خاندان کا سرائیکی وسیب کی سیاست میں ایک نمایاں کردار رہا ہے۔ نواب محمد اویس خان خاکوانی نے 2024ء کے عام انتخابات میں ضلع وہاڑی کے حلقہ پی پی 236 سے استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم پر پہلی مرتبہ انتخاب میں حصہ لیا اور تقریباً 9 ہزار ووٹ حاصل کیے۔
نواب محمد اویس خان خاکوانی کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لے کر ہزاروں ووٹرز کا اعتماد حاصل کرنا ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ ان کے مطابق نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کے ساتھ بزرگوں کی رہنمائی اور حمایت سے وہ بہاولپور کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
بہاولپور ماڈل ٹاؤن اے میں ان کی رہائش گاہ پر بھی دوستوں، ووٹرز اور سائلین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ نواب محمد اویس خان خاکوانی نے حلقہ این اے 168 کے عوام سے ضمنی انتخابات میں انہیں کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی کی صورت میں بہاولپور شہر کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔