ضلع خیبر کے ڈاکٹر سبحان کو فیڈرل یوتھ اسمبلی میں زراعت کی وزارت مل گئی

خیبر: (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر سبحان کو فیڈرل یوتھ اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے بعد یوتھ منسٹر آف ایگریکلچر کی اہم ذمہ داری سونپ دی گئی۔ ڈاکٹر سبحان نے نئی ذمہ داری ملنے پر فیڈرل یوتھ اسمبلی کی قیادت اور ارکان کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتر نمائندگی اور ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

ڈاکٹر سبحان نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے نوجوانوں کو موجودہ دور میں تعلیم، روزگار، ترقی کے مواقع اور دیگر کئی پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ ضلع خیبر کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی سطح کے اہم پلیٹ فارم پر خیبر کے نوجوانوں کی آواز بنیں اور انہیں درپیش مسائل اور محرومیوں کو متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں، تعلیم، ہنر اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یوتھ اسمبلی کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کی کوشش کی جائے گی۔

دریں اثناء خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے صدر گل عباد خان آفریدی اور دیگر رہنماؤں نے ڈاکٹر سبحان کو یوتھ منسٹر آف ایگریکلچر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور فیڈرل یوتھ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے زراعت جیسے اہم شعبے کی ذمہ داری ایک باصلاحیت نوجوان کو سونپی۔

سوسائٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی باڑہ کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور ان میں احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کے لیے عملی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو مختلف فورمز پر علاقے کی نمائندگی، مسائل اجاگر کرنے اور اپنی آواز مؤثر انداز میں حکام تک پہنچانے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سبحان کو زراعت کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے، اس لیے وہ فیڈرل یوتھ اسمبلی کے پلیٹ فارم سے یوتھ منسٹر آف ایگریکلچر کی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر سبحان ضلع خیبر سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے زراعت، روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے