گھوٹکی: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری ) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے پولیس حوالات کے اندر ایک شخص کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے بدسلوکی کا نشانہ بنانے کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا فوری اور سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کرنے اور مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
گھوٹکی پولیس کے ترجمان کے مطابق وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو پولیس حوالات کے اندر بدسلوکی کا نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ویڈیو میں حکم دینے والی آواز مبینہ طور پر انسپکٹر قابل بھیو، ایس ایچ او تھانہ اندل سندرانی کی بتائی جا رہی ہے۔ تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کی تصدیق کے لیے محکمانہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے نوٹس کے بعد انسپکٹر قابل بھیو کو فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ افسر کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی نے واضح کیا ہے کہ پولیس کی تحویل میں کسی بھی شخص پر تشدد، بدسلوکی یا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف ان کے عہدے یا رتبے کی پروا کیے بغیر سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گھوٹکی پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور انکوائری کے نتائج کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔