خیبر: (کیو این این ورلڈ/نورحلیم آفریدی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے شروع کیے گئے ’’منشیات سے پاک خیبر پختونخوا‘‘ پروگرام کے تحت ضلع خیبر میں منشیات کے عادی افراد کے علاج، بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے حجرے میں ایک اہم پروگرام منعقد ہوا، جس میں منشیات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے ریہیبلیٹیشن سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
پروگرام میں ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈک عبدالغنی آفریدی، ایم این اے اقبال آفریدی، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر خیبر، ڈی پی او خیبر، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سمیت ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خیبر میں منشیات کے عادی افراد کو علاج اور بحالی کی سہولیات فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
فیصلے کے مطابق ضلع خیبر میں باقاعدہ ریہیبلیٹیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں مستحق منشیات کے عادی افراد کو علاج، رہنمائی اور بحالی کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ ان افراد کے علاج اور بحالی پر آنے والے اخراجات صوبائی حکومت خیبر پختونخوا برداشت کرے گی، جس سے مستحق خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہوگا اور متاثرہ افراد کو بہتر زندگی کی جانب واپس آنے کا موقع ملے گا۔
اس پروگرام کا مقصد صرف منشیات کے عادی افراد کا علاج کرنا نہیں بلکہ انہیں دوبارہ معاشرے کا فعال اور مفید حصہ بنانا بھی ہے۔ منشیات کی لعنت نوجوانوں، خاندانوں اور معاشرتی نظام کو متاثر کر رہی ہے، اس لیے متاثرہ افراد کو علاج، توجہ اور بحالی کے ذریعے معمول کی زندگی کی طرف واپس لانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈک عبدالغنی آفریدی اور ایم این اے اقبال آفریدی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے انسان دوست اور عوامی فلاح کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ ریہیبلیٹیشن سینٹر کے قیام سے ضلع خیبر کے نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے اور متاثرہ افراد کو نئی زندگی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ’’منشیات سے پاک خیبر پختونخوا‘‘ پروگرام کے مؤثر نفاذ سے صحت مند نوجوان، مضبوط خاندان اور محفوظ معاشرے کے قیام کی راہ ہموار ہوگی، جبکہ منشیات کے خلاف آگاہی، علاج اور بحالی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
