راولپنڈی: (کیو این این ورلڈ) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے جانے والے جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ و ٹرائلز کا مشاہدہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پی او ایف واہ کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ادارے کی پیداواری صلاحیت، مختلف شعبوں میں جاری آپریشنز، دفاعی مصنوعات کی تیاری اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد میں پی او ایف کے کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مقامی سطح پر جدید عسکری سازوسامان کی تیاری، ادارے میں جاری جدت اور دفاعی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مقامی طور پر تیار کیے گئے اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ و ٹرائلز کا مشاہدہ کیا اور دفاعی پیداوار میں تکنیکی استعداد اور خود انحصاری کی اہمیت پر زور دیا۔

دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور دفاعی مصنوعات کے برآمدی امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

انہیں مقامی پیداوار اور صنعتی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بالخصوص دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ان پلانٹس سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے دفاعی پیداوار کی صلاحیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے موقع پر پاکستان کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دورے کا مقصد دفاعی صنعت میں جاری ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور جدید عسکری ضروریات کو مقامی سطح پر پورا کرنے کی کوششوں کا جائزہ لینا بھی تھا۔
