فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیے اپنانے پر زور

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ): چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ موجودہ غیر یقینی اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں نوجوانوں کے لیے حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات سے متاثر ہونے کے بجائے معلومات کا تنقیدی جائزہ لے کر حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔ ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال، پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، جبکہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو ایسی صلاحیتیں پیدا کرنا ہوں گی جن کے ذریعے وہ تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور معاشرے میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے بڑھتے ہوئے اثرات سے بھی متاثر ہو رہی ہے، ایسے حالات میں نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ معلومات کو بغیر تحقیق کے قبول کرنے کے بجائے حقائق کی جانچ اور تجزیے کی صلاحیت کو فروغ دیں۔

ملاقات کے دوران ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان میں اپنے جاری دورے کے دوران حاصل ہونے والے مثبت تجربات کا بھی اظہار کیا۔ طلبہ نے بالخصوص پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہا اور پاکستان میں موجود بے پناہ صلاحیتوں اور مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع کو اجاگر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے