خیبر (کیو این این ورلڈ / نور حلیم آفریدی): اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم نے گورنمنٹ مڈل سکول سپین قبر میں طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث درپیش مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر (میل) کو ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ مڈل سکول سپین قبر میں طلباء کے بڑھتے ہوئے داخلوں کے باعث کلاس رومز میں گنجائش کم پڑ گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد طلباء کو کلاس رومز سے باہر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنا پڑ رہی ہے۔ سکول میں اضافی کمروں، فیبریکیٹڈ کمروں کی تنصیب، اساتذہ کی کمی اور فرنیچر کی عدم فراہمی سمیت دیگر مسائل کی شکایات اسسٹنٹ کمشنر باڑہ تک پہنچیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے سکول انتظامیہ کو تمام مسائل کی نشاندہی پر مشتمل تحریری درخواست پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں سکول کے ہیڈ ماسٹر حاجی جان اکبر آفریدی نے اسسٹنٹ کمشنر باڑہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور سکول کو درپیش مسائل پر مشتمل تحریری درخواست جمع کرائی۔
درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر طلحہ رفیق عالم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر (میل) کو سکول کے مسائل، بالخصوص فیبریکیٹڈ کمروں کی تنصیب، اساتذہ کی کمی اور فرنیچر کی عدم فراہمی کے حوالے سے فوری کارروائی کرنے اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ اے سی باڑہ کو جمع کرانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر طلحہ رفیق عالم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خیبر صوبائی حکومت، بالخصوص وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اولین ترجیح دینے کی پالیسی کے تحت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کو بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے ہیڈ ماسٹر کو یقین دلایا کہ گورنمنٹ مڈل سکول سپین قبر کے طلباء کے روشن مستقبل اور انہیں بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکمے کے ذریعے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
ہیڈ ماسٹر حاجی جان اکبر آفریدی نے سکول کے مسائل کا فوری نوٹس لینے اور متعلقہ محکمے کو عملی اقدامات کی ہدایت جاری کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم کا شکریہ ادا کیا۔