ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کا میلاد جلوس کے سیکیورٹی و انتظامات کا جائزہ

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر): جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اوکاڑہ میں روایتی مرکزی میلاد جلوس شاندار اور باوقار انداز میں منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز احمد سلیم چشتی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میلاد کمیٹی کے نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مرکزی میلاد جلوس کے روٹ کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات، ہیلتھ ڈیسک، ریسکیو سروسز اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جلوس کے روٹ پر قائم پانی کی سبیلوں اور دیگر بلدیاتی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ میلاد جلوسوں کے باحسن اختتام تک تمام محکمے الرٹ رہیں اور انتظامات کو مسلسل مانیٹر کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا یوم ولادت امت مسلمہ کے لیے باعثِ برکت اور بے پناہ خوشی کا دن ہے۔ سیرت طیبہ کا بنیادی درس محبت، برداشت، امن اور ایک دوسرے کا احساس کرنا ہے، جس پر عمل کرکے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میلاد کمیٹی کے نمائندگان اور جید علماء کرام کا تعاون انتہائی قابلِ تحسین ہے۔ ان کے تعاون سے عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کے انتظامات کو بہتر انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں میں عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں عاشقان رسول ﷺ کی بڑی تعداد عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔

محمد اکرام ملک نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد کا مبارک دن ہمیں باہمی اتحاد، محبت، امن اور سلامتی کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرت طیبہ کی روشنی میں معاشرے میں امن، رواداری اور باہمی بھائی چارے کو مزید فروغ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے