مظفرآباد: آزاد کشمیر اسمبلی کے 46 نومنتخب ارکان کی حلف برداری

مظفرآباد( کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد نومنتخب 46 ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوئے، جن میں خواتین کی 5، علما و مشائخ، ٹیکنوکریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست شامل تھی۔

خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں مسلم لیگ (ن) کی سحرش قمر، مریم زمان اور مریم ادریس جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیا خورشید کامیاب قرار پائیں۔ زوبیا خورشید اور رفعت عابد نے 5، 5 ووٹ حاصل کیے، جس کے بعد دونوں امیدواروں کے درمیان قرعہ اندازی کی گئی اور زوبیا خورشید کا نام نکل آیا۔

علما و مشائخ کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ (ن) کے پیر مظہر سعید شاہ کامیاب ہوئے، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی جبکہ اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے عبدالرحمان آرائیں کامیاب قرار پائے۔

مخصوص نشستوں کے انتخابات کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) نے مجموعی طور پر 31 نشستیں حاصل کیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس 14 نشستیں ہیں۔ عوامی دست و بازو کی ایک نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کے بعد ن لیگ کی مجموعی نشستوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔

ایوان کی تشکیل مکمل ہونے کے بعد نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے تمام نومنتخب ارکان سے حلف لیا، جس کے بعد اسمبلی کے آئینی و پارلیمانی امور کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگئی۔

دوسری جانب پونچھ اور سدھنوتی میں انتخابات نہ ہونے کے باعث قانون ساز اسمبلی کے 7 ارکان تاحال ایوان کا حصہ نہیں بن سکے، تاہم ان نشستوں کے بغیر ہی حکومت سازی کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے