اوکاڑہ: گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں فائر فائٹنگ ٹریننگ ورکشاپ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیرِ نگرانی گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اوکاڑہ میں فائر فائٹنگ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سول ڈیفنس کے ٹیکنیکل اسٹاف نے طلباء کو آگ لگنے اور دیگر ہنگامی حالات میں بچاؤ کی تدابیر کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی۔

ورکشاپ کے دوران سول ڈیفنس کے انسٹرکٹرز نے طلباء کو فائر فائٹنگ آلات کے درست استعمال، شارٹ سرکٹ کی صورت میں فوری اور محفوظ اقدامات، آگ پر قابو پانے کے طریقہ کار اور دھوئیں کی صورت میں محفوظ انخلاء کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ طلباء سے مختلف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملی مشقیں بھی کروائی گئیں۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ حادثات خبر دے کر نہیں آتے، تاہم بروقت تربیت اور آگاہی کے ذریعے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ طلباء کو فائر فائٹنگ کی بنیادی تربیت فراہم کرنے کا مقصد انہیں ہنگامی حالات میں حواس باختہ ہونے کے بجائے پُراعتماد اور مددگار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں میں شارٹ سرکٹ اور آتشزدگی کے خطرات دیگر مقامات کے مقابلے میں زیادہ ہوتے ہیں، اسی لیے سول ڈیفنس کا عملہ مختلف تعلیمی و فنی اداروں میں جا کر طلباء اور اساتذہ کو فائر فائٹنگ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت فراہم کر رہا ہے، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے