لاہور (کیو این این ورلڈ): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے نہیں جا رہی، ماضی میں ایسے سیاسی اتحادوں سے جماعت اسلامی کو فائدے کے بجائے نقصان زیادہ ہوا ہے۔
لاہور میں سینئر صحافیوں اور ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نظام میں تبدیلی کے لیے اپنے بل بوتے پر سیاسی فورم کے ذریعے عوام کا مقدمہ لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی ایسے سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی جس سے اس کے سیاسی اور اصولی مؤقف پر سمجھوتہ کرنا پڑے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی سیاسی جدوجہد خود آگے بڑھائے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے براہِ راست عوام کے درمیان موجود رہے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ لاہور، کراچی اور پشاور میں دھرنے جاری ہوں جبکہ اسلام آباد کے بند کمروں میں مذاکرات ہوتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور مذاکرات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو واضح اور یکساں حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 13 ربیع الاول کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کے مطابق احتجاجی تحریک مرحلہ وار آگے بڑھائی جائے گی، جس میں پہلے شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام جیسے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ اس کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مارچ کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی مسائل، مہنگائی، حکومتی پالیسیوں اور نظام میں تبدیلی کے مطالبے کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کو منظم کرکے اپنے مطالبات کے حصول کے لیے مؤثر تحریک چلائی جائے گی۔