اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پمز اسپتال میں طبی معائنے اور بعد ازاں واپس اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔ عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے ان کا مکمل طبی معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے شفا اسپتال کے راستے اور اسپتال کے باہر پیدا کی گئی سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر عمران خان کو پمز اسپتال لے جایا گیا، جہاں شفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے اور طبی معائنے کے عمل میں شریک ہوئے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے معائنے کے بعد عمران خان کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا گیا۔ ان کے مطابق عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان بھی علاج اور طبی معائنے کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ طبی معائنے کے بعد عمران خان کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس سے قبل بھی ضرورت کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی جب انہیں طبی ضرورت پیش آئے گی، انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بدھ کے روز جاری کیے گئے فیصلے میں عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم بعد ازاں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انہیں پمز اسپتال لے جایا گیا۔