پشاور (کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ) اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممتاز کالم نگار، محقق، مصنف اور سماجی و کاروباری شخصیت ضیاء الحق سرحدی کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے قومی اعزاز ستارۂ امتیاز ملنے پر خیبر پختونخوا بھر کے کالم نگاروں اور لکھاریوں نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں شرکاء نے ضیاء الحق سرحدی کا پرتپاک استقبال کیا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کے اس اقدام کو اہلِ قلم کی خدمات کا اعتراف قرار دیا۔
اجلاس کی صدارت اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اور ستارۂ امتیاز کے حامل ضیاء الحق سرحدی نے کی، جبکہ سینئر نائب صدر نیئر سرحدی، جنرل سیکرٹری عابد اختر حسن، سیکرٹری فنانس وسیم شاہد، جوائنٹ نائب صدر شعبہ خواتین ڈاکٹر شاہین عمر، جوائنٹ سیکرٹری ثمینہ قادر، پریس سیکرٹری یاسین ظہور، لیگل ایڈوائزر صاحبزادہ طلحہ سعید، آرگنائزر منور شاہ منور سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران اور ارکان نے شرکت کی۔

شرکاء اجلاس نے ضیاء الحق سرحدی کو قومی اعزاز ملنے کو نہ صرف ان کی علمی، ادبی، تحقیقی اور سماجی خدمات کا اعتراف قرار دیا بلکہ اسے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے اہلِ قلم کے لیے بھی باعثِ فخر قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ضیاء الحق سرحدی نے کالم نگاری، تحقیق، تصنیف، تصوف اور سماجی شعبوں میں اپنی منفرد خدمات کے ذریعے ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے، اس لیے انہیں ستارۂ امتیاز سے نوازا جانا اہلِ قلم کے لیے حوصلہ افزا امر ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ کالم نگار صحافت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ورکنگ جرنلسٹ حالات و واقعات کو فوری طور پر خبر کی صورت میں عوام تک پہنچاتا ہے، تاہم کسی خبر کے پس منظر، اس کے اسباب، اثرات اور معاشرے پر مرتب ہونے والے نتائج کا تجزیہ کالم نگار ہی مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے ورکنگ جرنلسٹ اور کالم نگار ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں اور دونوں مل کر معاشرے میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ ایک ذمہ دار اور باصلاحیت کالم نگار عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ممکنہ حل بھی تجویز کرتا ہے اور حکومت و عوام کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ کالم نگار اپنی تحریروں کے ذریعے حکومتی پالیسیوں کے مثبت پہلو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مشکلات، انتظامی خامیوں اور معاشرتی مسائل کی نشاندہی بھی کرتا ہے، جس سے فیصلہ سازوں کو زمینی حقائق سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔
اجلاس میں اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کی تعمیر و ترقی، تنظیم کو مزید فعال اور متحرک بنانے اور کالم نگاروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ایسوسی ایشن کا ایک اہم وفد صدر ضیاء الحق سرحدی (ستارۂ امتیاز) کی قیادت میں جلد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری اور حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کرے گا اور اہلِ قلم کو درپیش مسائل، صحافتی و انتظامی امور اور کالم نگاروں کے جائز حقوق کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔

شرکاء اجلاس نے نئی پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) رئیسہ عادل کو بھی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے کہا کہ رئیسہ عادل وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مختلف اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے چکی ہیں اور امید ہے کہ وہ صحافی برادری، کالم نگاروں، تبصرہ نگاروں اور تجزیہ کاروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نئی پی آئی او حکومت اور اہلِ صحافت کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اجلاس میں موجودہ ملکی اور عالمی حالات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سمیت متعدد سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں اہلِ قلم کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، اتحاد و یگانگت، قیامِ امن، برداشت، تعمیری سوچ اور حب الوطنی کو فروغ دینے کے لیے مثبت اور ذمہ دارانہ کالم نگاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کالم نگار اپنی تحریروں کے ذریعے معاشرے میں پائی جانے والی عدم برداشت اور منفی رویوں کو کم کرنے اور مثبت قومی سوچ پروان چڑھانے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے پاک مسلح افواج کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر میثاقِ مکہ کو بھی اہم دفاعی پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کے حوالے سے مثبت جذبات کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی (ستارۂ امتیاز) نے کہا کہ ایک اچھے لکھاری کا ہاتھ قوم کی نبض پر ہوتا ہے۔ وہ معاشرے میں موجود مسائل اور خرابیوں کی تشخیص کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلِ قلم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی تحریروں کے ذریعے معاشرے میں شعور، برداشت، مثبت سوچ اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کا نصب العین اہلِ قلم کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قلم و فکر کی آبیاری اور معاشرے کی مثبت تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ایک بار پھر ضیاء الحق سرحدی کو ستارۂ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی اور اس اعزاز کو خیبر پختونخوا کے اہلِ قلم کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔