رینالہ خورد: موٹروے پولیس افسران کی ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار لیاقت علی چوہدری)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بیٹ نمبر 14 رینالہ خورد میں آتشزدگی کے واقعات، روڈ حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریسکیو 1122 نے خصوصی شرکت کی۔ موک ایکسرسائز میں موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا اور ہنگامی حالات میں فوری کارروائی کے مختلف عملی مراحل کا مظاہرہ کیا۔

موک ایکسرسائز کا بنیادی مقصد موٹروے پولیس افسران کو آتشزدگی، ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال کے دوران فوری اور مؤثر کارروائی کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں امدادی کارروائیاں بروقت شروع کی جاسکیں اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائی، ابتدائی طبی امداد اور زخمیوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کے حوالے سے عملی تربیت اور رہنمائی فراہم کی۔ موٹروے پولیس افسران کو اس امر کی مشق بھی کرائی گئی کہ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل حادثے کے مقام پر کس طرح فوری اقدامات کیے جائیں۔

ڈی ایس پی موٹروے ایوب لودھی نے کہا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد موٹروے پولیس افسران کو آگ لگنے کے واقعات، روڈ ایکسیڈنٹس اور دیگر ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عملی طور پر تیار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں ابتدائی چند منٹ انتہائی اہم ہوتے ہیں، اس لیے ریسکیو 1122 کے پہنچنے سے قبل موٹروے پولیس افسران فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے زخمیوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی مشقوں سے افسران کی ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطہ اور تعاون بھی مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ موک ایکسرسائز کا مقصد یہی ہے کہ کسی بھی حادثے یا آتشزدگی کی صورت میں امدادی کارروائیاں منظم، تیز اور مؤثر انداز میں انجام دی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے