پی ٹی آئی گھیراؤکے بجائے قانونی راستہ اختیارکرتی تو ریلیف پہلے مل جاتا

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آزادانہ اور میرٹ پر مبنی ہے، تحریک انصاف نے قانونی راستہ اختیار کرنے میں دیر کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بالآخر درست فورم پر اپنا کیس رکھا، جس کا فیصلہ میرٹ کے مطابق آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی عدالتوں سے رجوع کرنے کے بجائے گھیراؤ اور احتجاج کا راستہ اختیار نہ کرتی اور پہلے ہی قانونی راستہ اپناتی تو اسے ریلیف بھی پہلے مل سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آج سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعریف کر رہی ہے، تاہم سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ جب بھی فیصلہ ان کی مرضی کے مطابق نہ آئے، تب بھی عدالتوں کا احترام کریں۔

اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کافی عرصے سے موجود ہے، تاہم اپوزیشن کی طرف سے اس پر تاحال کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ فی الحال صوبوں کے معاملے پر صرف بحث برائے بحث جاری ہے۔ جب کوئی واضح تجویز یا عملی پیش رفت سامنے آئے گی تو مسلم لیگ (ن) اس حوالے سے اپنی پالیسی اور رائے قائم کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے