ننکانہ صاحب(کیو این این ورلڈ /بیوروچیف احسان اللہ ایاز کی رپورٹ) رفاہ انٹرنیشنل کالج ننکانہ صاحب کیمپس اور پریس کلب ننکانہ صاحب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب پریس کلب میں منعقد ہوئی، جس میں صحافی برادری اور رفاہ کالج کی انتظامیہ نے شرکت کی۔ صدر پریس کلب ننکانہ صاحب چوہدری افضل حق خان اور ڈائریکٹر رفاہ انٹرنیشنل کالج ننکانہ کیمپس حافظ محسن سعید نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت پریس کلب ننکانہ صاحب کے تمام ممبران اور ان کے بچوں کو رفاہ انٹرنیشنل کالج ننکانہ کیمپس میں تعلیمی فیس میں 50 فیصد تک خصوصی رعایت دی جائے گی، جبکہ دیگر واجبات میں بھی خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی، تاکہ صحافیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں سہولت مل سکے۔
تقریب میں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمد آصف بھٹی، سینئر نائب صدر و صدر پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن ننکانہ صاحب قیصر عرفان چوہدری، سینئر صحافیوں چوہدری محمد رمضان، چوہدری محمد کامران، طارق محمود چوہدری، محمد ارشد ڈوگر، جاوید احمد، معاویہ شیخ، سلمان، محمد طاہر، سمیع اللہ عثمانی، احسان اللہ ایاز، عابد حمید رحمانی سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی، جبکہ رفاہ کالج کی جانب سے کیمپس منیجر پروفیسر عبدالراوف چشتی اور وائس پرنسپل پروفیسر فریاد احمد بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر رفاہ انٹرنیشنل کالج ننکانہ کیمپس حافظ محسن سعید نے کہا کہ رفاہ کالج و یونیورسٹی گزشتہ 27 برس سے ملک بھر میں تعلیم کے میدان میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رفاہ کالج ننکانہ صاحب کیمپس میں اس وقت 17 مختلف شعبوں میں کلاسز جاری ہیں اور ادارہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
حافظ محسن سعید کا کہنا تھا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافی معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرنے، سچ عوام تک پہنچانے اور حقائق سامنے لانے کے لیے دن رات اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنا رفاہ کالج کے لیے باعثِ اعزاز ہے، اسی مقصد کے تحت پریس کلب ننکانہ صاحب کے ممبران اور ان کے بچوں کے لیے فیس میں 50 فیصد تک رعایت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر پریس کلب ننکانہ صاحب کے عہدیداران اور ممبران نے رفاہ انٹرنیشنل کالج کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے اور صحافتی تنظیمیں مل کر معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے رفاہ کالج کی جانب سے صحافیوں اور ان کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولت فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔
