عالیانوالا میں افسوسناک واقعہ، 9 سالہ رفعت فاطمہ قتل

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز): تھانہ واربرٹن کے نواحی گاؤں عالیانوالا میں 9 سالہ بچی کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کردیا گیا، جبکہ مقتولہ کی لاش گھر کے قریب ایک گڑھے سے برآمد ہوئی۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں تشویش اور غم کی فضا پھیل گئی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 9 سالہ رفعت فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور موقع کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ مقتولہ کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کرائم سین یونٹ اور پنجاب فرانزک سائنس ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور تفتیش کے دوران مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ واردات کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد نے کہا کہ پولیس مقتولہ کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جاری کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے