بانی پی ٹی آئی کو بروقت طبی سہولیات دی گئیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ): وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے سینیٹ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اپوزیشن لیڈر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت جیل اور عدلیہ کی کسٹڈی میں ہیں، لہٰذا اگر ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری بھی انہی اداروں پر عائد ہوگی۔

سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور جیل کے علاوہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں بھی ان کے طبی معائنے اور مختلف ٹیسٹ کرائے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق بانی پی ٹی آئی خود بھی فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور اپنے علاج سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی صحت کے معاملے میں حکومت کی جانب سے کسی قسم کی غفلت نہیں برتی گئی اور ضرورت کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق مختلف درخواستیں عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جبکہ ان سے ملاقات کے لیے بھی سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کسٹڈی سے متعلق معاملات عدالتوں اور جیل انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں ہیں، اس لیے ان کی صحت اور علاج سے متعلق ذمہ داری بھی انہی متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے