گوجرانوالہ: پولیس مقابلوں میں زیادتی کیس کا مطلوب ملزم ہلاک، منشیات فروش زخمی گرفتار

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی): گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران نابالغ بھانجی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ منشیات کے متعدد مقدمات میں مطلوب ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کی حدود میں ناکہ بندی کے دوران مشتبہ افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی کے دوران ملزمان کی اپنی ہی فائرنگ کی زد میں آکر ایک ملزم ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو نامعلوم ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم اپنی نابالغ بھانجی کو مبینہ طور پر متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں نامزد اور پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل بھی برآمد کیا گیا۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی اور تلاش کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

دوسری کارروائی میں تھانہ کوتوالی پولیس نے منشیات کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب ملزم ثاقب کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ریڈ کے دوران ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس کارروائی کے نتیجے میں وہ زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے منشیات بھی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او قلعہ دیدار سنگھ کی زیرنگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ معاشرے کا امن و سکون تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے