خیبر(کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ) ضلع خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر نصیب شاہ شینواری نے محکمہ کھیل ضم اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر راہد گل ملاگوری اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر فیصل جاوید سے اہم ملاقات کی، جس میں ضلع خیبر کے ٹیبل ٹینس سمیت دیگر کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں کو درپیش مسائل اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران نصیب شاہ شینواری نے محکمہ کھیل کے افسران کو ضلع خیبر کے کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر فیصل جاوید نے یقین دہانی کرائی کہ جمرود جمنازیم میں ٹیبل ٹینس کے کھلاڑیوں کے لیے جلد اعلیٰ معیار کے ٹیبلز نصب کیے جائیں گے، تاکہ کھلاڑیوں کو روزانہ پریکٹس کی بہتر سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کرنا محکمہ کھیل کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرجڈ اضلاع راہد گل ملاگوری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے احکامات اور وژن کے مطابق قبائلی اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جنہیں جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد ضلع خیبر کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے قبائلی نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کی ہیں، جن پر عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف کھیلوں کے منصوبوں پر کام کے ساتھ ساتھ ہر تحصیل کی سطح پر مختلف سپورٹس ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا وژن ہے کہ ضلع خیبر کے باصلاحیت نوجوان اور کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں اور کھیل کے میدان میں ملک کا نام روشن کریں۔
ملاقات کے موقع پر ٹیگ بال ایسوسی ایشن پاکستان کے نمائندے اختر رسول شینواری اور ضلع خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اسرار آفریدی بھی موجود تھے۔