ننکانہ صاحب میں خواتین کی یومِ آزادی ریلی، پاکستان سے محبت کا اظہار

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ خواتین کے زیرِ اہتمام حرا چوک سے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں شاندار ریلی نکالی گئی، جس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ خواتین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کے دوران خواتین اور بچیوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد سمیت پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کرتی رہیں۔ شرکاء نے قومی جذبے اور جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان، شان اور سب سے بڑی شناخت ہے، وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

خاتون شرکاء کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی کی ریلی میں شرکت کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم ایک زندہ دل اور وطن سے بے پناہ محبت کرنے والی قوم ہے۔ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، جس کی قدر کرنا اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کا تحفظ کرنا ہم سب کا قومی فرض ہے۔

خواتین نے مکہ معاہدے کو پاکستان کی سفارتی اور دفاعی تاریخ میں ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کے موقع پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ معاہدہ پاکستانی قوم کے لیے بڑی خوشخبری اور بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ مسلم دنیا کے اتحاد کی مضبوط علامت اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور مضبوط دفاع کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

شرکاء نے کہا کہ آج کی ریلی کے ذریعے وہ اپنی آنے والی نسلوں کو پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور وطن کی قدر کرنے کا پیغام دے رہی ہیں۔ ننکانہ صاحب کی خواتین نے ثابت کردیا ہے کہ وطن سے محبت اور قومی جذبے میں وہ کسی سے پیچھے نہیں۔

خاتون شرکاء نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔ ریلی کے اختتام پر پاکستان، کشمیر سمیت ملک کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے