ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز بیورو چیف) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ضلعی صدر میاں عابد حسین نے کی۔ کانفرنس میں انجینئر حارث ڈار صدر وسطی پنجاب، مرکزی رہنماء خالد سیف اللہ وٹو، صدر سنٹرل پنجاب محمد سرور چوہدری اور ضلعی جنرل سیکرٹری انجینئر ثاقب مجید نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد، سینئر قانون دان لیاقت حیات بھٹی، پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے صدر و سابق ایم پی اے رائے شاہ جہان بھٹی، ممبر پنجاب بار کونسل خادم حسین سدھو، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن علی ناصر قادری اور چیئرمین پنجابی سکھ سنگت پاکستان سردار گوپال سنگھ چاولہ بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ مسیحی رہنماء عرفاق سردار، صدر پریس کلب ننکانہ صاحب چوہدری افضل حق خان، ضلعی صدر آل ٹریڈ یونین شیخ رضوان شوکت، صدر تنظیم العارفین محمد اشرف سلطانی، امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مفتی صغیر احمد، امیر حمزہ مدیر دعوت و اصلاح سمیت دیگر عہدیدران، وکلاء، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا جو قیامت کی صبح تک قائم و دائم رہے گا۔ اللہ تعالی نے پاکستان کو بے شمار وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے، ضرورت صرف درست اور جامع پالیسیاں بنانے کی ہے۔ کلمہ کی بنیاد پر بننے والے اس ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں مضمر ہے۔
مقررین نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے جس نے پچھلے سال آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کی بہت بڑی تاریخی کامیابی ہے جس پر پوری قوم مسرور ہے اور خوشیاں منا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جس طرح ہم قیامِ پاکستان کے لیے متحد ہوئے تھے، آج ایک مرتبہ پھر استحکامِ پاکستان کے لیے متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ اس مرتبہ جشنِ آزادی اس عہد کے ساتھ منایا جائے گا کہ ہم وطنِ عزیز کو پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اس سال یومِ آزادی کو "یومِ آزادی کا پیغام، لاالہ الا اللہ کا نظام” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے اور امن، اتحاد و محبت کا پیغام عام کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔