اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) حکومتی ہدایات کے مطابق ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں جشنِ آزادی پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول اور گورنمنٹ ایلیمنٹری و پرائمری سکولوں میں رنگارنگ پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ، طلباء اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریبات کے دوران ننھے طلباء و طالبات نے قومی لباس زیبِ تن کر کے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، جبکہ تحریکِ پاکستان کی اہمیت پر پرجوش تقاریر کر کے حاضرین کے دل موہ لیے۔ سکولوں کا ماحول قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجا ہوا تھا اور بچوں میں بے پناہ جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہمارا قومی دن ہے اور اسے شایانِ شان طریقے سے منانا ہماری ملی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی محض ایک تہوار نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ ہمارے بچوں کا یہ جوش و جذبہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ اور روشن ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع اوکاڑہ کے تمام سکولوں میں 14 اگست کا دن پور ے جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے تمام تر انتظامی امور اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔