قصور: بارش کے پانی میں ڈوب کر بچہ جاں بحق، بابا بلھے شاہ ہسپتال سمیت پورا شہر بارشی پانی ڈوب چکا ہے

قصور(کیو این این ورلڈ /بیوروچیف طارق نوید سندھو) قصور کے علاقے بستی صابری، تھانہ بی ڈویژن کی حدود میں بارش کے پانی سے بھرے جوہڑ میں ڈوب کر 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

اہل علاقہ کے مطابق 7 سالہ بابر بارش کے پانی میں نہا رہا تھا کہ اچانک گہرے جوہڑ میں جاگرا اور ڈوب گیا۔ بیٹے کو ڈوبتا دیکھ کر اس کے والد نے بھی فوری طور پر پانی میں چھلانگ لگا دی۔

عینی شاہدین کے مطابق موقع پر موجود افراد نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کے والد کو بحفاظت پانی سے نکال لیا، تاہم بابر کو نہ بچایا جا سکا۔ بچے کے جاں بحق ہونے کی خبر پر علاقے میں غم کی فضا پھیل گئی۔

اہل علاقہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پانی سے بھرے جوہڑ اور گڑھے بچوں اور شہریوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے خطرناک مقامات کی فوری نشاندہی کرکے انہیں محفوظ بنایا جائے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب بارش کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال بابا بلھے شاہ قصور ،جنرل بس سٹینڈ سمیت پورا شہر اس وقت بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ،عوامی شکایات یا مشکلات سننے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے کان اور آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے مختلف حصوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا نوٹس لے کر ہسپتال اور دیگر نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے