سنٹرل کرم: مناتو میں کنگ اکیڈمی قائم، بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت میسر

لنڈی کوتل (بیوروچیف نصیب شاہ شینواری)سنٹرل کرم کے پسماندہ علاقے مناتو میں کنگ اکیڈمی کے نام سے تعلیمی ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس کا مقصد علاقے کے بچوں اور نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر معیاری تعلیم اور امتحانات کی تیاری کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اکیڈمی کے قیام کو علاقے میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اکیڈمی کے اونر اور ایجوکیشنسٹ عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنٹرل کرم کا علاقہ مجموعی طور پر تعلیمی سہولیات کے حوالے سے پسماندہ ہے، جبکہ ذیمشت مناتو اور ملحقہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کی کمی کے باعث بچوں کو تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق علاقے کے عوام کی جانب سے ایک معیاری تعلیمی ادارے کی ضرورت کا اظہار کیا جاتا رہا، جس کے پیش نظر مناتو میں کنگ اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

عامر خان نے کہا کہ علاقے کے بچوں میں صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم انہیں بہتر تعلیمی ماحول، معیاری تدریس اور مناسب تربیت کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، محدود وسائل اور بڑے شہروں سے دوری کے باعث بہت سے والدین اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دوسرے علاقوں میں بھیجنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی سطح پر تعلیمی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ان کے مطابق کنگ اکیڈمی میں جماعت دہم تک سائنس کے مضامین، ریاضی اور انگریزی سمیت اہم مضامین کی تدریس اور سالانہ امتحانات کی تیاری کرائی جائے گی۔ اکیڈمی میں طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے کے ساتھ ان کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دی جائے گی۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ اکیڈمی کے قیام کا بنیادی مقصد علاقے کے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور انہیں مستقبل میں اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے والدین اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور کنگ اکیڈمی کے تعلیمی پروگرام سے فائدہ اٹھائیں۔

کنگ اکیڈمی کے قیام کے ذریعے مقامی سطح پر بچوں کو معیاری تدریسی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، تاکہ انہیں تعلیم کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے اور سنٹرل کرم میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے