قصور: چھانگا مانگا گول چکر پر مسلح ڈاکوؤں کا ریسکیو 1122 ایمبولینس پر حملہ، اہلکاروں سے نقدی چھین لی

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) چھانگا مانگا گول چکر کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کو روک کر ریسکیو اہلکاروں پر تشدد کیا اور ان سے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعے میں ریسکیو اہلکاروں کے موبائل فون اور دیگر سرکاری سامان محفوظ رہا، جبکہ واقعے کی اطلاع پولیس کو دے دی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 ضلع قصور کے مطابق ایمبولینس KSA-10، پی ٹی ایس 49376 ایک ایمرجنسی سے فارغ ہو کر چونیاں واپس جا رہی تھی۔ ایمبولینس میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن (EMT) انجم علی بابر اور ایل ٹی وی ڈرائیور اعظم سوار تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایمبولینس جب چھانگا مانگا گول چکر کے قریب پہنچی تو چند مسلح افراد ایک گاڑی کو لوٹ رہے تھے۔ ملزمان نے ریسکیو ایمبولینس کو بھی روک لیا اور ریسکیو اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران ڈاکوؤں نے ریسکیو اہلکاروں سے نقدی چھین لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

حکام کے مطابق ملزمان ریسکیو اہلکاروں کے موبائل فونز اور دیگر سرکاری سامان لے جانے میں کامیاب نہیں ہوئے، جو محفوظ رہا۔

واقعے کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

ریسکیو 1122 ضلع قصور نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو اہلکار عوام کی جان و مال کے تحفظ اور انسانی جانیں بچانے کے لیے دن رات اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایسے واقعات نہ صرف ریسکیو اہلکاروں کے لیے خطرناک ہیں بلکہ انسانی خدمت کے عمل میں بھی رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔

ریسکیو 1122 قصور نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ریسکیو اہلکاروں اور ایمرجنسی گاڑیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے