قصور: مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق، 3 افراد زخمی

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) قصور کے نواحی گاؤں کھارا میں مکان کی بوسیدہ چھت کا ایک حصہ اچانک زمین بوس ہونے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک ہی خاندان کے تین افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ رات 12 بج کر 51 منٹ پر پیش آیا، جب مکان کا بوسیدہ حصہ اچانک گر گیا۔ چھت گرنے کے نتیجے میں گھر میں موجود ایک ہی خاندان کے چار افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 38 سالہ مافیا شدید زخمی ہوئیں، جنہیں تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 40 سالہ حنیف، 7 سالہ ابوبکر اور 4 سالہ فاطمہ شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مقامی افراد کے مطابق مکان کا مذکورہ حصہ بوسیدہ حالت میں تھا، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد اہلِ علاقہ میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات اور مکان کی خستہ حالی سے متعلق متعلقہ اداروں کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے