میہڑ(منظور علی جوئیہ کی رپورٹ)اے سیکشن تھانے کی حدود میں واقع گاؤں گنجا کے رہائشی 24 سالہ نوجوان برکت علی جھتیال نے مبینہ طور پر گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق نوجوان کی حالت تشویشناک ہونے پر اہل خانہ نے اسے فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نوجوان کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ لاش جب گاؤں گنجا میں واقع گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا، جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے بھی معاملے کی تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔ نوجوان کی جانب سے انتہائی قدم اٹھانے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔