چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو ملکی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ایک تاریخی پیش رفت ہے، جس سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کی دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور اسے خطے اور عالمی امن کے لیے ایک تاریخی دستاویز قرار دیا جاسکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے معاہدے کو ممکن بنانے میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیادت کی کاوشوں سے دفاعی تعاون کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی گئی ہے۔