میہڑ (منظور علی جوئیہ): میہڑ کے نواحی علاقے رادھن تھانے کی حدود میں واقع گاؤں زہرا ماچھی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پانی کے گڑھے میں ڈوبنے سے پانچ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، جبکہ اس کے ساتھ کھیلنے والے دو بچوں کو دیہاتیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں زہرا ماچھی میں تین بچے کھیلتے ہوئے قریب موجود پانی سے بھرے گہرے گڑھے کے نزدیک پہنچ گئے اور اچانک اس میں گر گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ دیہہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کر دی۔ مقامی افراد نے بروقت کوشش کرتے ہوئے دو بچوں کو بحفاظت پانی سے نکال لیا، تاہم پانچ سالہ صبا دختر جاوید ماچھی لاپتہ ہوگئی۔
گاؤں والوں نے مسلسل تقریباً دو گھنٹے تک تلاش جاری رکھی، جس کے بعد بچی کی لاش گڑھے سے برآمد کر لی گئی۔ متوفیہ کی میت کو قانونی اور طبی کارروائی کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
بعد ازاں ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ جیسے ہی بچی کی میت گھر پہنچی تو اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ علاقے میں بھی سوگ کی فضا چھا گئی۔ اہلِ علاقہ نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آبادیوں کے قریب موجود کھلے اور گہرے پانی کے گڑھوں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔