پشاور(کیو این این ورلڈ) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان میں عارضی قیام کی اجازت کے لیے دائر دو سابق افغان فوجی افسران کی درخواستیں خارج کر دیں۔ جسٹس وقار احمد اور جسٹس کامران حیات میانخیل پر مشتمل بینچ نے درخواستوں کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ایک درخواست گزار سابق افغان صدارتی پروٹیکٹو سروس میں اسپیشل ایجنٹ جبکہ دوسرا سابق افغان نیشنل آرمی میں خدمات انجام دے چکا ہے۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ افغانستان واپسی کی صورت میں انہیں جان کا خطرہ لاحق ہے، جبکہ انہوں نے ہنگامی طبی علاج کی اجازت بھی طلب کی تھی۔
فیصلے میں عدالت نے کہا کہ درخواست گزاروں کے مطابق انہوں نے ویزوں کی تجدید کے لیے متعلقہ حکام کو درخواستیں دے رکھی ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ ویزوں کی تجدید اور توسیع سے متعلق معاملات متعلقہ حکام کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت اس معاملے میں عدالتی مداخلت کا جواز نہیں بنتا، لہٰذا دونوں درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔