لاہور (کیو این این ورلڈ): حالیہ مون سون بارشوں کے دوران لاہور میں شدید بارش کا سب سے بڑا سپیل ریکارڈ کیا گیا، جہاں لکشمی چوک میں 123.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اوسطاً 59 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کی شدت مختلف رہی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جیل روڈ پر 57.8 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 40 ملی میٹر، گلبرگ میں 23.4 ملی میٹر، اپر مال میں 60 ملی میٹر، مغلپورہ میں 51 ملی میٹر، تاجپورہ میں 53.6 ملی میٹر اور نشتر ٹاؤن میں 31.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح چوک ناخدا میں 106 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 122 ملی میٹر، گلشنِ راوی میں 68 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 66.4 ملی میٹر، سمن آباد میں 90.4 ملی میٹر، شادی پورہ میں 71 ملی میٹر جبکہ سگیاں میں 82.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نکاسیٔ آب کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا گیا۔ حکومتی بیان میں کہا گیا کہ 41 اضلاع میں واسا کے فعال نظام، ایک ہزار سے زائد مشینری اور عملے کی موجودگی کے باعث بارشی پانی کو ریکارڈ وقت میں نکال کر معمولاتِ زندگی بحال کیے گئے۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیالکوٹ میں 139 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین میں 138 ملی میٹر، نارووال میں 117 ملی میٹر، حافظ آباد میں 85 ملی میٹر، چکوال میں 70 ملی میٹر اور اوکاڑہ میں 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مزید بارشوں کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔