پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری، 30 گھروں کو نقصان، امدادی سرگرمیاں جاری

پشاور (کیو این این ورلڈ): پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 19 جولائی سے جاری شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 مرد، 8 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں متعدد اضلاع میں گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 30 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 23 گھروں کو جزوی جبکہ 7 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ متاثرہ علاقوں میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر، دیر اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر امدادی سامان اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ اس وقت صوبے کے تمام دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 23 جولائی تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، حساس اور خطرناک سیاحتی مقامات کا رخ نہ کیا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے