راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 2 خواتین خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع مستونگ میں ایک الگ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے۔ اسی آپریشن میں 2 خواتین خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) برآمد کیا گیا۔ علاقے میں دہشت گرد عناصر کی مکمل بیخ کنی کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوراب اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک اور دو خواتین خودکش بمباروں سمیت ایک سہولت کار کو گرفتار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے دشمن ہیں، تاہم ان کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مستونگ اور سوراب میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں اور سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی ہر ممکن حمایت جاری رکھی جائے گی، جبکہ پوری قوم وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔