خیبر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، چرس، ایکسٹسی گولیاں اور جعلی نوٹ برآمد

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نصیب شاہ شینواری کی رپورٹ) ضلع خیبر میں منشیات فروشوں، اسمگلروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران جمرود پولیس نے مختلف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 6 کلوگرام چرس، 1000 عدد ایکسٹسی گولیاں اور ایک لاکھ روپے مالیت کی جعلی پاکستانی کرنسی برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایت پر جرائم کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں کے سلسلے میں سرکل افسر جمرود بادشاہ خان کی نگرانی اور ایس ایچ او جمرود صدیق خان کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں خصوصی ناکہ بندیاں اور چیکنگ کی گئی۔

پہلی کارروائی میں نواب شاہ شہید چوکی کے اہلکاروں نے وزیر ڈھنڈ کے علاقے میں ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک لاکھ روپے مالیت کی جعلی پاکستانی کرنسی برآمد کر لی۔ گرفتار ملزم کی شناخت حارث، سکنہ قصہ خوانی پشاور کے نام سے ہوئی، جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

دوسری کارروائی میں پولیس نے دوران ناکہ بندی ایک مشتبہ شخص شمشاد ولد شمس خان، سکنہ صوابی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1000 عدد ایکسٹسی (نشہ آور) گولیاں برآمد کر لیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایک اور کارروائی میں شاکس کس روڈ پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزم مہران ولد باور شاہ، سکنہ شاکس کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا۔

ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کامیاب کارروائیوں میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں، اسمگلروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے اور جرائم کے خاتمے کے لیے خیبر پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ایک پرامن اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے