. 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ، کمشنر محمد علی کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی):گوجرانوالہ میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش کے دوران کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے مختلف نشیبی علاقوں، مرکزی شاہراہوں اور بارش سے متاثرہ مقامات کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسیٔ آب کے جاری عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا احد ڈوگر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

حکام کے مطابق شہر میں گزشتہ رات سے اب تک 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث متعدد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ کمشنر محمد علی نے سیالکوٹ روڈ، ڈی سی روڈ، شمسی انڈر پاس، سوئی گیس روڈ، مین جی ٹی روڈ اور دیگر متاثرہ مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے واسا حکام کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایم ڈی واسا احد ڈوگر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ مشینری اور فیلڈ عملہ مسلسل کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

کمشنر محمد علی نے فیلڈ میں موجود عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے نکاسیٔ آب کی رفتار مزید تیز کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کا فوری ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل سے مزید ڈی واٹرنگ پمپس بھی منگوا لیے گئے ہیں تاکہ بارش کے پانی کی جلد نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں بارش کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ امدادی اور ریلیف اقدامات بلا تعطل جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے