کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں، ملک کے خلاف جاری تمام تر ریاست مخالف سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات آئی ایس پی آر سمر کیمپ کے موقع پر ملک بھر کے 18 مختلف شہروں سے آئے ہوئے نویں سے بارہویں جماعت کے 4 ہزار سے زائد طلبا و طالبات کی ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے بلوچستان کے غیور عوام کو صرف ریاست کا ساتھ دینے کے جرم میں بے دردی سے شہید کیا ہے، لیکن دہشت گردی اور تشدد کے اس مکروہ کھیل کو کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ منگی ڈیم کو دانستہ طور پر اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ یہ بلوچستان میں پانی کی فراہمی کا ایک اہم ترین منصوبہ ہے، جبکہ پولیس پر حملے کے بعد جب ریسکیو کے لیے فورسز پہنچیں تو انہیں بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس پورے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کر دیا گیا ہے اور بہت جلد تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ دھرنے کے دوران بعض مخصوص سیاسی رہنماؤں نے ریاست کے خلاف انتہائی گمراہ کن پراپیگنڈا کیا، تاہم پاکستان کے خلاف جاری اس منظم بیرونی و اندرونی سازش کو پاک فوج اور غیور بلوچ عوام مل کر ہمیشہ کے لیے ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے ماضی کے معرکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا ہمیشہ بھرپور اور دندان شکن جواب دیا ہے اور معرکۂ حق میں پوری قوم اپنی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی تھی۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بھارت کی ایما اور فنڈنگ پر کام کرنے والے دہشت گرد اب اپنے سرپرستوں کا عبرتناک انجام دیکھ چکے ہیں، جبکہ یہ حقیقت بھی عیاں ہے کہ پڑوسی ملک افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط قومی ریاست ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گی، پاکستان اور بلوچستان کا رشتہ اٹوٹ ہے اور ملک کا مستقبل بے حد روشن ہے جہاں ہر شہری بلاخوف و خطر آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکے گا۔