ڈھاکہ (کیو این این ورلڈ) بنگلادیش کے شہر میر پور میں شروع ہونے والی ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ کے پہلے ہی روز پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر دو گولڈ، ایک سلور اور سات برانز میڈلز سمیت 10 تمغے اپنے نام کر کے ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔
چیمپئن شپ کے افتتاحی روز پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی میر حمزہ کاسی نے بہترین کارکردگی کی بدولت مائنس 75 کے جی کیٹیگری میں حریف کو دھول چٹاتے ہوئے پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل دلایا۔ پاکستان کی جانب سے دوسرا گولڈ میڈل طہٰ مصطفیٰ نے حاصل کیا، جنہوں نے مائنس 63 کے جی کلاس کی جونیئر کیٹیگری میں شاندار فائٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔
خواتین کے مقابلوں میں بھی پاکستانی ویمنز کراٹے کاز نے زبردست کھیل پیش کیا اور پاکستان کی پانچ خواتین کھلاڑیوں نے کانسی (برانز) کے تمغے حاصل کیے۔ ان باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں میں انیتا فاطمہ، حافظہ اقرا منور، اقصا اعظم، لائبہ ضیا اور رابعہ فاروق شامل ہیں، جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
دوسری جانب مردوں کے دیگر مقابلوں میں میر واعظ خان نے بہترین کھیل کے بعد چاندی (سلور) کا تمغہ اپنے نام کیا، جبکہ شمش افتخار اور میر حمزا نے شاندار کارکردگی پر کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ پہلے ہی روز 10 تمغے جیتنے پر اسپورٹس حلقوں اور شائقین کی جانب سے پاکستانی کراٹے ٹیم کو بھرپور مبارکباد دی جا رہی ہے۔