ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ سٹی رپورٹر جواد اکبر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے پاک فوج کے شہداء سے متعلق دیے گئے حالیہ بیان کے خلاف ڈیرہ غازی خان میں شہریوں، سول سوسائٹی، وکلاء، تاجروں اور نوجوانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی نکالی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بڑے بڑے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر پاک فوج کے ساتھ یکجہتی اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرنے کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے شہداء پاکستان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی، بقا اور امن ان ہی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، جنہیں پوری قوم ہمیشہ انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے شہداء کے خلاف کسی بھی قسم کے غیر ذمہ دارانہ یا توہین آمیز بیانات سے پوری قوم کے جذبات شدید مجروح ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی یا ذاتی اختلافِ رائے ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم قومی سلامتی کے محافظوں اور دھرتی کے بیٹوں کی قربانیوں کو سیاست کی نذر کر کے متنازع بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن کی بدولت ہی آج ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنے قومی اداروں اور افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور شہداء کی ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ملکی استحکام اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اداروں کے احترام، اتحاد اور ملکی دفاع کے لیے ہر سطح پر اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔