گوجرہ (کیو این این ورلڈ/چوہدری عبد الرحمن جٹ) انجمن تاجران ریلوے روڈ گوجرہ کا تیسرا سالانہ اجلاس سرپرست اعلیٰ حاجی منیر حسین کی سرپرستی میں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر چوہدری عمیر لطیف گوندل نے کی۔
اجلاس میں لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ توقیر اشرف خان نے خصوصی شرکت کی، جبکہ انجمن تاجران ریلوے روڈ گوجرہ کے تمام عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر چوہدری عمیر لطیف گوندل نے تنظیم کی سالانہ کارکردگی رپورٹ سرپرست اعلیٰ حاجی منیر حسین کو پیش کی۔
سرپرست اعلیٰ حاجی منیر حسین نے انجمن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بعض ممبران کو ترقی دے کر نئے عہدوں پر فائز کیا جبکہ تنظیم میں نئے عہدیداران کو بھی شامل کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے انجمن تاجران ریلوے روڈ گوجرہ کی قیادت اور کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
تقریب میں انجمن تاجران مونگی روڈ گوجرہ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ آخر میں صدر چوہدری عمیر لطیف گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ انجمن تاجران ریلوے روڈ گوجرہ کو مزید ترقی عطا فرمائے تاکہ تاجر برادری کی خدمت کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
انہوں نے اجلاس کی کوریج کرنے والے تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی مثبت رپورٹنگ معاشرتی اور تجارتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔