بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری، 5 جولائی سے 129 دہشت گرد مارے جا چکے

کوئٹہ (کیو این این ورلڈ)پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں مشترکہ طور پر جاری "آپریشن شعبان” کے دوران مزید 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد آپریشن کے آغاز سے اب تک مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں کیں، جن کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیاں بالخصوص دشوار گزار اور حساس علاقوں میں کی گئیں جہاں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ حالیہ کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم دہشت گرد گروہوں سے بتایا جا رہا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران اب تک مجموعی طور پر 129 خارجی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور ان کے ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ صوبے میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

حکام کے مطابق دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا مقصد بلوچستان میں پائیدار امن قائم کرنا، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ملک دشمن سرگرمیوں کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے