عوامی خدمت اور بہتر سروس ڈیلیوری اولین ترجیح، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد ضلعی افسران سے تعارفی ملاقات کی اور ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں مختلف محکموں کے سربراہان اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی سکیموں، عوامی بہبود کے منصوبوں اور مون سون سیزن کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی اور مؤثر سروس ڈیلیوری ان کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔

اجلاس کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ حساس اور نشیبی علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے جبکہ ہنگامی مشینری، نکاسی آب کے انتظامات، ریسکیو اداروں کے ساتھ رابطوں اور دیگر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔

رعنا حمید نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر مکمل طور پر الرٹ رہیں اور بین الادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیشگی حفاظتی اقدامات اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں اپنی موجودگی بڑھائیں، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی عمل کی رفتار میں تیزی اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے ننکانہ صاحب کو ایک مثالی، صاف ستھرا، ترقی یافتہ اور عوام دوست ضلع بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے