قومی اعزاز کاروباری برادری کی مشترکہ جدوجہد کا اعتراف ہے، ضیاء الحق سرحدی

پشاور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے سینئر نائب صدر، فرنٹیئر کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے سابق سینئر نائب صدر و ممبر ایگزیکٹو کمیٹی، سینئر کالم نگار، تجزیہ نگار، دانشور اور اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز سے نوازے جانے پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس کے دوران سرحد چیمبر کے عہدیداروں اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے ضیاء الحق سرحدی کی کاروباری، سماجی اور فکری خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر بزنس مین فورم کے لیڈر غضنفر بلور، سرحد چیمبر کے صدر جنید الطاف، سینئر نائب صدر محمد ندیم، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور چیمبر کے سابق صدور بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز کا حصول ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے، تاہم سرحد چیمبر اور کاروباری برادری کی جانب سے ملنے والی محبت، عزت اور خلوص نے اس خوشی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔

انہوں نے تمام ساتھیوں، دوستوں اور کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قومی اعزاز کو اپنی ذاتی کامیابی نہیں سمجھتے بلکہ یہ کاروباری برادری، رفقائے کار اور ساتھیوں کی مشترکہ جدوجہد، خدمات اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔

ضیاء الحق سرحدی نے اپنے قائد سینیٹر الیاس احمد بلور مرحوم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم رہنما اور کاروباری برادری کی توانا آواز تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج انہیں ملنے والے قومی اعزاز میں مرحوم کی رہنمائی، ساتھیوں کی رفاقت، دوستوں کی محبت اور نیک تمناؤں کا اہم کردار شامل ہے۔

اس موقع پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف اور بزنس مین فورم کے لیڈر غضنفر بلور نے ضیاء الحق سرحدی کو چیمبر کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعزاز کو خیبرپختونخوا کی کاروباری برادری کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ضیاء الحق سرحدی مستقبل میں بھی تجارت، صنعت، پاک افغان تجارتی روابط اور کاروباری برادری کے حقوق کے لیے اپنی خدمات کا سلسلہ اسی جذبے اور لگن کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے